درخواستوں کو فوری آن لائن کرنے کی ہدایت، چیف منسٹرریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔8۔جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں 6ضمانتوں پر عمل آوری کا جائزہ لینے اور ان پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی حکومت نے ذیلی کابینی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پرجاپالنا پروگرام کے دوران وصول کی گئی درخواستوں اور حکومت کے ایک ماہ کی تکمیل کے سلسلہ میں کابینی رفقاء اور عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا کہ 6ضمانتوں پر عمل آوری کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کی نگرانی میں ذیلی کابینی کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ اس کمیٹی میں کابینی وزراء مسٹر ڈی سریدھر بابو‘ مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ مسٹر پی سرینواس ریڈی شامل رہیں گے۔ درخواست فارمس کی وصولی کے بعد منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ وہ ان درخواستوں کو آن لائن کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا فوری آغاز کریں اور بغیر کسی خامی کے ان درخواستوں کو 25 جنوری تک آن لائن کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ جائزہ اجلاس کے دوران کابینی وزراء کے علاوہ چیف سیکریٹری محترمہ سانتھی کماری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان فارمس کو آن لائن کرنے کے بعد 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں اقدامات کے آغاز کے متعلق کابینی وزراء نے تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں ریاستی وزیر اطلاعات ونشریات مسٹر پی سرینواس ریڈی اور پونم پربھاکر نے جائزہ اجلاس کی روداد سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اندرون 100یوم ان تمام ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور جو درخواستیں وصول کی گئی ہیں ان کی ڈاٹا تیار کرنے کے بعد موقف کی جانچ کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔مسٹر پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے پرجاپالنا پروگرام کے دوران جملہ 1کروڑ24لاکھ 85 ہزار383 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں 1 کروڑ 5لاکھ 91ہزار636 درخواستیں 5 ضمانتوں کے لئے وصول ہوئی ہیں جبکہ مابقی درخواستیں راشن کارڈس و دیگر امور کے سلسلہ میں داخل کی گئی ہیں۔ریاستی وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاست میں جملہ 16ہزار392پنچایت اور 710 بلدی وارڈس میں 28 ڈسمبر2023 تا 6جنوری 2024 اس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیاتھا۔ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انتخابات میں کئے گئے تمام وعدوں پر عمل آوری یقینی بنائی جائے گی اور ان وعدوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام مستحقین کو اسکیمات کے فوائد پہنچائے جاسکیں اس کے لئے ذیلی کابینی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ پرجاپالنا پروگرام کے دوران وصول کی جانے والی درخواستوں کی ڈاٹا انٹری کا کام 25 جنوری تک مکمل کیا جائے ۔انہو ںنے بتایا کہ چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے کابینی وزراء اور چیف منسٹر کو ریاست میں وصول کی گئی درخواستوں کے موقف کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے وصول کی گئی درخواستوں کی ڈاٹا انٹری کے بعد ریاستی حکومت کو مزید تفصیلات پیش کی جائیں گی۔مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل جن 6ضمانتوں کا عوام سے وعدہ کیا تھا ان میں 5 ضمانتوں پر عمل آوری کے لئے وصول کی گئی درخواستوں اور ان میں مستحقین کے انتخاب کے علاوہ ان اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی ذمہ داری چیف منسٹر نے ذیلی کابینی کمیٹی کو تفویض کی ہے ۔ مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر تمام اضلاع میں عوامی حکمرانی کے طریقہ کار کی عوام کی جانب سے زبردست ستائش کی جا رہی ہے اور عوام نے حکومت کے پروگرام پر زبردست ردعمل ظاہر کرتے ہوئے درخواست فارمس داخل کئے ہیں اور عوام کی جانب سے بڑی تعداد میں درخواستوں کے ادخال سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت پر عوام کو اعتماد ہے اور انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے درخواستیں داخل کی ہیں اور حکومت بھی عوام کو مایوس نہیں کرے گی ۔3