حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری(سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ بی آر ایس تین علحدہ گروپس میں تقسیم ہوجائے گی اور پارٹی میں پھوٹ کے آثار نمایاں ہیں۔ اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ہریش راؤ کی جانب سے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہریش راؤ کا بیان دراصل کے سی آر اور کے ٹی آر کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ ہریش راؤ کو چیف منسٹر بننے کی خواہش ہے اور وہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں محروم تھے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اگر ہریش راؤ بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی مخالفت کرتے ہیں تو کانگریس پارٹی ان کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور کویتا کے تین علحدہ گروپس بی آر ایس میں سرگرم ہیں۔ بی آر ایس نے ہریش راؤ کو قائد اپوزیشن کے عہدہ پر فائز نہیں کیا جس کے نتیجہ میں وہ مایوس ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے انکشاف کیا کہ ہریش راؤ کے ساتھ بی آر ایس کے 20 ارکان اسمبلی ہیں۔ کے سی آر کو شیر کے مماثل قرار دینے پر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 60 کیلو وزن کے شخص کو شیر کہا جائے تو پھر 86 کیلو وزن کے افراد کو کیا کہا جائے گا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ تلنگانہ میں کانگریس 20 برسوں تک برسر اقتدار رہے گی۔ 1