حیدرآباد ۔ 6 مئی (سیاست نیوز) سیکھنے کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ اکثر لوگ بڑھتی ہوئی عمر سے یہ فیصلہ کرلیتے ہیں کہ وہ اب کچھ نہیں کرسکتے مگر ایک 70 سالہ ضعیف خاتون پینٹنگ سیکھتے ہوئے ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے لوہرا گاؤں کی جودھیا بائی بیگا لکڑی وغیرہ فروخت کرتے ہوئے زندگی گذار رہی تھی۔ اچانک اس کی زندگی میں نیا موڑ آیا اور وہ پینٹنگ کی طرف مائل ہوگئی۔ پینٹنگ سیکھتے ہوئے اپنے ہنر سے بیرونی ممالک میں اپنی شناخت بنائی اور مرکزی حکومت نے اس ضعیف خاتون کو ناری شکتی اعزاز سے نوازا۔ جودھیا بائی ساتھی قبائلوں کے ساتھ جنگلات پر انحصار کرتے ہوئے زندگی گذار رہی تھی۔ شوہر مزدوری کیا کرتا ہے۔ مشہور آرٹسٹ اویناش سوامی 12 سال قبل لوہرا گاؤں پہنچا اور انہوں نے قبائلوں کو پینٹنگ سیکھنے کی تربیت فراہم کی۔ تب سے جودھیا بائی، جھاڑ، پہاڑ، آسمان، جانوروں اور قبائلوں کی طرززندگی اور جنگلات کے ماحول پر پینٹنگ بنارہی ہیں جو ہزاروں روپئے میں فروخت ہورہی ہے۔ن