سال حال آگ پر قابو پانے کے مخصوص انتظامات ۔ نائب صدر سوسائیٹی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) 82 ویں کل ہند صنعتی نمائش 2023 کا یکم جنوری کو وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا ۔ وزیر عمارات و شواع وی پرشانت ریڈی ‘ وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو مہمانان اعزازی ہونگے جبکہ وزیر فینانس و صدر نمائش سوسائیٹی ٹی ہریش راو تقریب کی صدارت کریں گے ۔ نائب صدر نمائش سوسائیٹی مسٹر اے مارگم ‘ مشیر ہری ناتھ ریڈی ‘ کنوینر تشہیر دھیرج کمار جیسوال نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی اور کہا کہ سالانہ نمائش کا یکم جنوری تا 15 فبروری انعقاد عمل میں آئیگا ۔ 46 روزہ نمائش میں کشمیر سے کنیاکماری تک ملک کے کئی علاقوں کی مصنوعات کو پیش کیا جائیگا ۔ ملک میںگجرات سے آسام تک کے تاجر اپنا اسٹالس لگائیں گے ۔ مسٹر مارگم نے کہا کہ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی جانب سے نمائش میں جملہ 2400 اسٹالس لگائی جائیں گی ۔ یہاںخشک میوہ جات ‘ کارپٹس ‘ برتن ‘ گھریلو ساز و سامان ‘ ڈیزائنر ملبوسات اور کئی اشیا فروخت کیلئے دستیاب رہیں گی ۔ اس کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات ‘ عوامی شعبہ کے ادارہ جات ‘ کارپوریٹس اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اسٹالس بھی لگائی جائیں گی ۔ مسٹر مارگم نے کہا کہ نمائش تک پہونچنے کیلئے عوام کو سر کی بھی سہولیات دستیاب ہیں۔ ار ٹی سی بسوں اور میٹرو ریل کے ذریعہ نمائش تک پہونچا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل نے بھی نمائش پہونچنے کے خواہشمند افراد کیلئے خصوصی ٹرینیں چلانے سے اتفاق کیا ہے ۔ نمائش میدان پر میٹو ٹرین ٹکٹ خریدنے کیلئے خصوصی کاؤنٹرس لگائے جارہے ہیں۔ آر ٹی سی نے بھی خصوصی بسیں چلانے سے اتفاق کیا ہے ۔ مسٹر اشون مارگم نے کہا کہ اس سال نمائش سوسائیٹی نے بہتر لے آوٹ پر توجہ دی ہے تاکہ تمام اسٹالس تک عوام کی رسائی آسانی کے ساتھ ہوسکے ۔ اسٹالس میں روشنی کا بہترین انتظام کیا جا رہا ہے ۔ ہوا کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو راغب کیا جاسکے اور نمائش میں تجارت اچھی ہوسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال نمائش میںمخصوص فائر سسٹم کو یقینی بنایا گیا ہے جو دنیا میں کہیں بھی دستیاب نہیں ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آگ لگنے کی صورت میں جانی ومالی نقصان نہ ہونے پائے ۔