9 ماہ بعد گورنر سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے سی آر کی خوشگوار ملاقات

,

   

راج بھون اور پرگتی بھون میں دوریاں بظاہر ختم ، چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری کشیدگی میں کمی کا ذریعہ
حیدرآباد۔/28 جون، ( سیاست نیوز) راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان دوریاں آج تقریباً 9 ماہ بعد ختم ہوگئیں اور گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو خوشگوار موڈ میں نہ صرف گفتگو کرتے دیکھا گیا۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس اوجل بھویاں کی تقریب حلف برداری نے گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان کشیدگی کا بظاہر خاتمہ کردیا اور چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کے سی آر نے حلف برداری تقریب میں شرکت کرکے پروٹوکول کی پابندی کی ہے۔ تقریب میں ابتداء میں دونوں قائدین میں دوریاں محسوس کی گئیں جیسے ہی چیف جسٹس کے ساتھ دونوں قائدین ہال میں داخل ہوئے وہ ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے ہوئے تھے۔ شہ نشین پر گورنر اور چیف منسٹر ایک ساتھ بیٹھے رہے لیکن انہوں نے بات نہیں کی۔ ایک مرحلہ پر گورنر نے چیف منسٹر کو مخاطب کرنے کی کوشش کی لیکن کے سی آر انجان ہوگئے۔ چیف منسٹر کے اس رویہ پر گورنر کو خاموشی اختیار کرنی پڑی۔ تقریب کے اختتام کے بعد جب ہائی ٹی پر گورنر اور چیف منسٹر ایک ٹیبل پر تھے اس وقت دونوں میں خوشگوار بات چیت ہوئی اور ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے ان میں کوئی دوری کبھی نہیں تھی۔ اس بات چیت میں مرکزی وزیر کشن ریڈی بھی شامل ہوگئے اور کے سی آر نے کشن ریڈی کا ہاتھ تھام کر از راہ مزاح کچھ ریمارکس کئے جس پر گورنر بے ساختہ ہنس پڑیں۔ ہائی ٹی کے موقع پر گورنر اور چیف منسٹر نہ صرف مہمانوں بلکہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ حالیہ چند ماہ کے دوران گورنر کے رویہ پر حکومت نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نشست کیلئے حکومت کی جانب سے کوشک ریڈی کا نام تجویز کیا گیا لیکن گورنر نے اس نام پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد سے دوریاں بڑھتی گئیں۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر گورنر کے خطاب میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تقریر کے بجائے گورنر نے مرکزی اسکیمات کو اپنی تقریر میں شامل کیا تھا جس پر کے سی آر نے برہمی کا اظہار کیا۔ گورنر کے خطبہ کے بغیر اسمبلی بجٹ اجلاس کا آغاز کیا گیا جسکے بعد گورنر نے کھل کر حکومت پر تنقید کی۔ تقریباً 9 ماہ بعد گورنر اور چیف منسٹر کی راج بھون میں ملاقات سیاسی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنی رہی۔ چیف منسٹر نے 11 اکٹوبر 2021 کو اسوقت کے چیف جسٹس ستیش چندر شرما کی حلف برداری میں راج بھون میں شرکت کی تھی اس کے بعد سے کے سی آر نئے چیف جسٹس کی حلف برداری میں شریک ہوئے۔ دیکھنا یہ ہے کہ آج کی ملاقات کیا گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان تلخیوں کا مستقل طور پر خاتمہ کریگی۔ر