نئی دہلی : دار الحکومت نئی دہلی میں اس ماہ دنیا کے طاقتور ترین قائدین کے اجلاس جی۔ 20 کے موقع پر اینٹی ڈرون سسٹمز اور لگ بھگ ایک لاکھ 30 ہزار سیکوریٹی اہلکار حفاظت کے لئے متعین کیے جائیں گے۔ یہ سر براہی اجلاس عالمی اسٹیج پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ملک کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا ایک مظہر ہے۔ 9 ستمبر سے شروع ہونے والے اس دو روزہ سر براہی اجلاس میں بھارت جن انتہائی مقتدر مہمانوں کا خیر مقدم کرے گا ان میں امریکی صدر جو بائیڈن سے لے کر برطانوی وزیر اعظم رشی سونک اور سعودی عرب کے محمد بن سلمان تک شامل ہوں گے۔ تاہم نئی دہلی اور بیجنگ کے ذرائع نے کہا ہے کہ چینی صدر زی جن پنگ ممکنہ طور پر اس اجلاس میں شامل نہیں ہوں گے۔