لندن : گروپ 7 میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ نے طالبان پر زوردیا ہیکہ وہ افغانستان میں امدادی شعبہ میں کام کرنے والی خواتین پرعاید پابندی کو فوری طورپرختم کریں۔ وزراء نے کہا کہ انھیں اس بات پر گہری تشویش لاحق ہیکہ قومی اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی خواتین ملازمت کو کام کی جگہوں سے روکنے کے طالبان کے غیر ذمہ دارانہ اورخطرناک حکم نے ان لاکھوں افغانوں کوخطرہ میں ڈال دیا ہے جو اپنی بقا کیلئے انسانی امداد پر انحصارکرتے ہیں۔برطانوی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’ہم طالبان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طورپراس فیصلے کو واپس لیں‘‘۔گذشتہ سال طالبان کی جانب سے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد یہ پابندی افغانستان میں خواتین کے حقوق کے خلاف تازہ دھچکا ہے۔ایک ہفتہ سے بھی کم عرصہ قبل سخت گیرطالبان نے خواتین کوجامعات میں داخلے سے روک دیا تھا جس کے بعدافغانستان کے بعض شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اورعالمی سطح پربھی اس اقدام کے خلاف سخت ردعمل کا اظہارکیا گیا ہے۔