ماضی کی غلطیوں سے سیکھا نہیں گیا ، 23 لاکھ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے نیٹ پرچہ سوالات کے افشاء پر گہری تشویش کا اظہار کرکے طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ NEET پرچہ افشاء معاملے پر سوشیل میڈیا میں سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو مرکزی حکومت کیلئے شرمناک قرار دیا اور کہا کہ امتحان کی منسوخی نے لاکھوں محنتی طلبہ کی زندگیوں میں خلل ڈال دیا ہے ۔ این ٹی اے امتحانات کے شفاف انعقاد میںایک بار پھر ناکام ہے ۔ 2024 کے بعد اس واقعہ کا دہرایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ گذشتہ غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ امتحان کے موقع پر 100 سے زائد سوالات کا لیک ہونا سسٹم کی سنگین خامیوں کو ظاہر کرتا ہے ۔ اس سے ملک بھر کے تقریبا 23 لاکھ طلبہ اور ان کے والدین شدید ذہنی کرب کا شکار ہوئے ہیں ۔ بی آر ایس کے ورکنگ صدر نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی فوری اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اور اس کے پیچھے موجود بااثر افراد کو بے نقاب کر کے سخت سزا دی جائے ۔ کے ٹی آر نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت اس نا اہلی کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہوئے طلبہ سے معافی مانگے اور مکمل سیکوریٹی کے ساتھ جلد دوبارہ امتحان منعقد کرائے ۔۔ 2/k/b