حیدرآباد ۔11۔ مئی (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کے بارے میں ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرس اور ریٹرننگ آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ میاپنگ کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے اور جاریہ ماہ کے اختتام تک کم از کم 90 فیصد میاپنگ ہوجانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جلد ہی ایس آئی آر کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کلکٹر سے خواہش کی کہ وہ گھروں اور رائے دہندوں کی میاپنگ کے کام میں ریسیڈنشیل اسوسی ایشنوں گیٹیڈ کمیونٹیز سے تعاون حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری عہدیداروں کو اپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسرس سے ربط قائم کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر میاپنگ کا کام مکمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ لیول آفیسرس اور میاپنگ کے دیگر عہدیداروں کو گیٹیڈ کمیونٹیز اور سلم علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی افراد کی مدد سے میاپنگ کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ سدرشن ریڈی نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رائے دہندوں کی مدد کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس ، راشن شاپ ڈیلرس ، ملازمین کی یونینوں کی مدد حاصل کرتے ہوئے میاپنگ کے کام کو تیز کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ناموں پر خصوصی توجہ دی جائے جو فوت ہوگئے یا جو دوسرے مقام کو منتقل ہوچکے ہیں ۔ مستقل طور پر منتقل ہونے والے رائے دہندوں کی نشاندہی کرتے ہوئے طریقہ کار کے مطابق میاپنگ انجام دی جائے ۔ انہوں نے اہم شخصیتوں کی میاپنگ جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا۔ بی ایل اوز کو چاہئے کہ وہ اپنے حلقہ جات تحت اہم شخصیتوں کی نشاندہی کریں۔ 1/K