SIR مہم کے ذریعہ مخالف بی جے پی ناموں کو حذف کرنے کی سازش

   

وزراء پونم پربھاکر اور اظہرالدین کا الزام ، حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقہ جات کے پارٹی قائدین کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کے سلسلہ میں لوک سبھا حلقہ جات حیدرآباد اور سکندرآباد کے کانگریس قائدین اور کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور محمد اظہرالدین نے قائدین اور کارکنوں کو ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں متحرک ہونے کی ہدایت دی اور کہا کہ بوتھ سطح کے ایجنٹس کی فہرست اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسر کے حوالے کی جائے۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ آئندہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے سلسلہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی اہمیت کی حامل ہے۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ انیل کمار یادو ، ڈاکٹر ملو روی ، رگھورام ریڈی ، ضلع کانگریس صدر ایم روہت ، گریٹر حیدرآباد کانگریس صدر سید خالد سیف اللہ ، رکن اسمبلی نوین یادو ، سری گنیش اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس نے شرکت کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد پارلیمانی حلقہ جات کے تحت موجود اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کو SIR مہم کے سلسلہ میں چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 25 جون سے گھر گھر مہم کا آغاز ہوگا جو 24 جولائی تک جاری رہے گی۔ بوتھ لیول آفیسرس مکانات پہنچ کر ناموں کی جانچ کریں گے۔ اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس اور بوتھ لیول ایجنٹس کو اس سلسلہ میں تعاون کرنا چاہئے۔ وزراء نے کہا کہ 2002 کی فہرست میں شامل تمام اہل رائے دہندوں کے ناموں کی برقراری کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے نام پر بی جے پی مخالف ووٹوں کو حذف کرنے کی سازش ہے۔ مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں لاکھوں رائے دہندوں کے نام حذف کئے گئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کسی بھی رائے دہندے کا نام فہرست سے حذف نہ ہونے پائے ، اس کی ذمہ داری بوتھ لیول ایجنٹس پر عائد ہوتی ہے۔ مہم کے دوران عوام کی رہنمائی کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کیلئے کارکنوں اور قائدین کو متحرک ہونا چاہئے۔1/k/m/b