SIR مہم، تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان کا مسودہ آج جاری ہوگا

   

اعتراض اور دعوؤں کی پیشکشی، اے آئی سی سی کے ماہرین کی جانب سے کانگریس کارکنوں کو ٹریننگ
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کے تحت SIR مہم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور الیکشن کمیشن کل 17 اگست کو تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کرے گا۔ رائے دہندوں کی جانب سے اینومریشن فارمس کے ادخال اور بوتھ لیول آفیسرس کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن کا مرحلہ 10 اگست کو مکمل ہوگیا۔ الیکشن کمیشن نے ریاست میں پولنگ اسٹیشنوں کو بہتر بنانے کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا ہے۔ شیڈول کے مطابق فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی اجرائی کے بعد 17 اگست تا 16 ستمبر دعوے اور اعتراضات داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 15 اکتوبر تک دعوے اور اعتراضات کی حکام کی جانب سے یکسوئی کی جائے گی۔ اسی مرحلہ کے دوران فہرست رائے دہندگان میں نامکمل تفصیلات اور نقائص کی صورت میں رائے دہندوں کو نوٹسیں جاری کی جائیں گی۔ تلنگانہ میں تقریباً 60 لاکھ ایسی درخواستوں کی نشاندہی کی گئی جن میں نقائص پائے گئے ہیں۔ ان امیدواروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حقیقی دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ نوٹسوں کے جواب اور اعتراضات کی یکسوئی کے بعد 19 اکتوبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ اسی دوران آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 17 اگست سے شروع ہونے والے مرحلہ میں رائے دہندوں کی موثر رہنمائی کے لئے تلنگانہ میں ماہرین کے ذریعہ ٹریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آئی سی سی کے ماہرین SIR مہم میں شامل بوتھ لیول ایجنٹس اور انچارجس کو دوسرے مرحلے کے امور کی یکسوئی کی ٹریننگ دیں گے۔ پارٹی کے اسمبلی سطح کے کوآرڈینیٹرس اور پارلیمانی سطح کے انچارجس کے علاوہ ضلع کانگریس صدور کو ٹریننگ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹریننگ میں رائے دہندوں کو نوٹس کی وصولی کی صورت میں جواب داخل کرنے میں رہنمائی شامل رہے گی تاکہ ناموں کو حذف ہونے سے بچایا جاسکے۔ الیکشن کمیشن کی نوٹس کی وصولی کی صورت میں درکار دستاویزات کے معاملہ میں بھی اے آئی سی سی کے ماہرین رہنمائی کریں گے۔ ٹریننگ کے سلسلہ میں آج پہلا سیشن اندرا بھون میں منعقد ہوا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے اجلاس میں شرکت کی اور تمام اضلاع کے انچارجس کو ایس آئی آر مہم کے دوسرے مرحلے کی تیاری کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان سے حقیقی رائے دہندوں کے ناموں کو حذف ہونے سے بچایا جانا چاہئے۔ اے آئی سی سی ماہرین نے نوٹسوں کے جواب اور دستاویزات کے حصول کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اسی دوران میناکشی نٹراجن نے ضلع واری سطح پر تنظیمیں ڈھانچے کے استحکام کے سلسلہ میں گاندھی بھون میں آج سے اجلاسوں کا آغاز کیا ہے۔ حیدرآباد، سکندرآباد، خیریت آباد، وقار آباد، رنگاریڈی اور میڑچل ضلع کانگریس کمیٹیوں کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ 1؍F