آؤٹر رنگ روڈ کی 30 سالہ لیز سے 6تا 7ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی متوقع

   

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد کو آؤٹر رنگ روڈ (ORR) کی ٹول، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کے ذریعہ ایک اور ریکارڈ آمدنی ہونے کی توقع ہے۔ حیدرآباد گروتھ کاریڈر لمیٹیڈ (HGCL) نے جو آؤٹر رنگ روڈ کے آپریشن اینڈ مینٹیننس میں مشغول ہے، 150 کیلو میٹر طویل ایکسپریس وے کو 30 سال کی مدت کے لئے ٹول، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (TOT) کی اساس پر عوامی، خانگی شراکت میں لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایچ جی سی ایل نے لیز پر کنٹراکٹ کو روبہ عمل لانے کے لئے بڈرس کو طلب کیا ہے۔ ایچ جی سی ایل کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ہماری توقعات کے مطابق 30 سالہ لیز سے ایچ جی سی ایل کے لئے 6000 تا 7000 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی۔ فی الوقت ایچ جی سی ایل کی جانب سے خانگی ایجنسیوں کو سالانہ کی اساس پر آپریشن اینڈ مینٹیننس کنٹراکٹ دیا جاتا ہے، اس مالیاتی سال، لیز کنٹراکٹ سے تقریباً 400 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی لیکن اس میں سالانہ لیز کنٹراکٹ کو انجام دینے میں ادارہ کے لئے کچھ چیالنجس تھے۔ ایچ جی سی ایل کو آئندہ سال کے کنٹراکٹ کے لئے ہر سال بہت پہلے سے خانگی ایجنسیوں سے بڈس طلب کرنا پڑتا ہے اور بڈرس کو قطعیت دینے میں کافی وقت لگ جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کنٹراکٹ کی مدت مارچ میں ختم ہورہی ہے تو کم از کم 90 دن پہلے ڈسمبر سے بڈس طلب کرنے پڑتے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض وقت ایسا ہوا ہے جس میں بعض ایجنسیز مختلف وجوہات بتاتے ہوئے کنٹراکٹ میں توسیع کے لئے عدالت سے رجوع ہوئیں۔ ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے ایچ جی سی ایل نے اب لیز کی مدت 30 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عہدیدار نے کہاکہ حال میں منعقد کابینہ کے اجلاس میں 30 سالہ لیز مدت کو منظوری دی گئی ہے اور یہ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق کیا جارہا ہے۔ ایچ جی سی ایل کی جانب سے شبہات کو دور کرنے کے لئے خواہشمند بڈرس کے ساتھ ایک آن لائن پری ۔ بڈ میٹنگ منعقد کی جاچکی ہے۔ ایک بڈر نے کہاکہ چند ریمپ ٹول پلان اس پر مصروف اوقات کے دوران ٹریفک ہجوم ہوتا ہے اس لئے ٹول پلازہ پر ریمپ کو کشادہ کرنے یا ٹول پلازاس کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ایچ جی سی ایل کے عہدیداروں نے کہاکہ اضافی ٹولی لینس کی تعمیر کے لئے جہاں کہیں دستیاب ہو زمین فراہم کی جائے گی۔