آئندہ 10 یوم میں درجہ حرارت میں اضافہ کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔12۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) موسم گرما کے شدت اختیار کرنے کی پیش قیاسی اور آئندہ 10تا15 یوم کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ کے سلسلہ میں متنبہ کئے جانے کے پہلے ہی دن یعنی 12مئی کو شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت40 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور شہر کے کئی علاقوں میں دوپہر کے وقت دھوپ کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں سڑکوں پر سے ٹریفک غائب رہی ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آئندہ 10 یوم کے دوران درجہ حرارت 45 سے تجاوز کرنے کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن گرمی کی لہر کے آغاز کے پہلے ہی دن شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیاجانے لگا ہے۔ دھوپ کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ماہر اطباء نے پانی کے استعمال میں اضافہ کرنے کے علاوہ مزاج کو ٹھنڈا رکھنے والی اشیاء کے استعمال کو ترجیح دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ لو لگنے کے سبب ہونے والے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے شہریوں کو ضروری ہے کہ وہ اپنی صحت کو مستحکم رکھنے کے لئے احتیاطی اقدامات کریں۔ بتایا جاتاہے کہ گذشتہ چند یوم سے دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے سبب گرمی شدت میں اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جارہا تھا اور شہر کے بیشتر علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے کم ریکارڈ کیا جانے لگا تھا ۔12 مئی کی رات سے درجہ حرات رات کے اوقات میں بھی 30 ڈگری سیلسیس سے کم رہنے کی توقع نہیں ہے۔3
بلکہ کئی علاقوں میں رات کے اوقات میں بھی 30ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔3