نئی دہلی : دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جیسے جیسے قریب آتے جارہے ہیں، انتخابی مہم کے درجہ حرارت میں اتنی شدت آتی جارہی ہے ۔ پوری دہلی کی طرح جامعہ نگر اوکھلا کے وارڈ نمبر 188اور 189 میں بھی تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں نے انتخابی جیت کو اپنے حق میں کرنے کے لئے اپنی ساری طاقت جھونک دی ہے اور ہر امیدوار کے حامی اپنے اپنے امیدوار کی حمایت میں نکڑ میٹنگیں کر رہے ہیں۔اس دوران عوام موجودہ کونسلروں سے اقتدر میں رہتے ہوئے ان کے گزشتہ پانچ برسوں کے کام کاج کا بھی حساب مانگ رہے ہیں۔وارڈ نمبر 188(ابوالفضل انکلیو، شاہین باغ ) کے موجودہ کونسلر اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار عبدالواجد خان کے حامی بھی ان کے حق میں سرگرم انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ کل انہوں نے ابوالفضل انکلیو اور شاہین باغ میں کئی نکڑ میٹنگیں کیں، جس کے دوران عوام نے ان سے گزشتہ پانچ برسوں کے کام کاج کا حساب بھی مانگا۔نوجوان سماجی کارکن محمد رفیع نے پینے کے لئے سپلائی کا صاف پانی کی فراہمی کا سوال اٹھایا، جس کے جواب میں انہوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ ایک برس میں وارڈ نمبر 188 کے ہرگھر میں سپلائی کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔