بی آر ایس ٹکٹ پر منتخب ہوکر انحراف افسوسناک، کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔20 ۔ جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں جب کبھی انتخابات ہوں گے بی آر ایس برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پوچارم سرینواس ریڈی کی شکست کو یقینی بنائیں، جنہوں نے بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ بانسواڑہ کے تمام بی آر ایس قائدین کو پوچارم سرینواس ریڈی کی شکست کے نشانہ کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ بانسواڑہ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے سرکردہ رہنما ایم سرینواس راؤ اور دوسروں نے آج تلنگانہ بھون میں کے ٹی آر کی موجودگی میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ کے ٹی آر نے گلابی کھنڈوا پہناکر پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اسپیکر کے عہدہ پر خدمات انجام دینے والے سرینواس ریڈی آج اس موقف میں نہیں کہ وہ اپنی پارٹی کا نام بتاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کے خلاف عدالت میں مقدمہ زیر دوران ہے۔ بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر سرینواس ریڈی نے پارٹی کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بانسواڑہ میں بی آر ایس کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے عوام کی بھلائی کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلی سے خشک سالی کی صورتحال کا خطرہ لاحق ہوچکا ہے لیکن کانگریس حکومت نے زرعی شعبہ کے تحفظ کے لئے کوئی تیاری نہیں کی۔ حالانکہ موسمی تبدیلی کی وارننگ کئی ماہ پہلے حاصل ہوچکی تھی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ذخائر آب کی سطح کم ہوچکی ہے اور کسان اپنی فصلوں کے بارے میں اندیشوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کالیشورم کے تحت کنے پلی پمپ ہاؤز سے پانی منتقل کیا جاتا تو نظام ساگر پراجکٹ کو دو دن میں مکمل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بانسواڑہ کے سرکردہ تاجر ایم سرینواس کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ ان کی آمد سے بانسواڑہ میں بی آر ایس مستحکم ہوگی۔ بی آر ایس رکن اسمبلی پرشانت ریڈی اور نظام آباد کے پارٹی قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ بانسواڑہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکن حیدرآباد پہنچے۔1/k