دبئی ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والی 6 سیریز آئی سی سی کیلئے دردِ سربننے لگیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے گذشتہ برس ٹسٹ چیمپئن شپ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت شریک 9 ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر6 سیریز کھیلنا تھیں،کورونا وائرس کی وجہ سے شیڈول شدید متاثر ہوا۔ اس دوران 6 سیریز ملتوی ہوئیں، سب سے زیادہ نقصان بنگلہ دیش کاہواجو4 سیریز نہیں کھیل سکا۔آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ فی الحال ٹسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اگلے سال جون میں انگلینڈ میں ہی شیڈول ہے،اس بارے میں حتمی فیصلہ ارکان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ رواں ماہ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی فائنل کے وقت پر انعقاد کی حمایت کرچکا۔اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ہندوستان اورآسٹریلیا ہی سرفہرست 2 مقامات پر موجود ہیں، ان کے درمیان دسمبر میں 4 ٹسٹ میچز کی سیریز مقرر ہے، اس دوران نیوزی لینڈکو ویسٹ انڈیز اور پھر پاکستان کی میزبانی کرنی ہے۔ سری لنکن ٹیم ٹسٹ سیریز کیلیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔