ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں افسوسناک واقعہ ۔ عملہ کی غفلت اور لاپرواہی
حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ آئی سی یو میں زیر علاج ایک مریض کے پیروں اور ہاتھوں کی اُنگلیوں کو چوہوں نے کاٹ لیا جس کے باعث مریض کے جسم سے خون بہنا شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ہنمکنڈہ کے بھیما را سے تعلق رکھنے والا مریض پھیپھڑوں اور گردے کے عوارض میں مبتلاء ہے ۔ وہ گزشتہ چند دنوں سے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج تھا۔ سانس لینے میں تکلیف محسوس ہونے پر اسے چار دن قبل ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ مریض کی حالت تشویشناک ہونے پر اس کو آئی سی یو میں منتقل کرکے علاج کیا جارہا تھا۔ ایم جی ایم ہاسپٹل میں شریک ہونے کے پہلے دن مریض سرینواس کے دائیں ہاتھ کی اُنگلیوں کو چوہوں نے کاٹ لیا تھا۔ مریض کے ارکان خاندان نے فوری ڈاکٹرس کو اس کی توجہ دلائی جس پر ڈاکٹروں نے ٹانکے دیئے۔ لیکن کل صبح چوہوں نے دوبارہ مریض کے بائیں ہاتھ کے ساتھ ساتھ پیروں کی اُنگلیوں کو بھی کاٹ لیا جس سے شدید خون بہنے لگا ۔ ڈاکٹروں نے دوبارہ ٹانکے دیتے ہوئے طبی امداد فراہم کی۔ مریض سرینواس کا بہت زیادہ خون بہہ جانے پر اس کے ارکان خاندان شدید تشویش میں مبتلاء ہیں۔ مریض کے ارکان خاندان اس سلسلہ میں آر ایم او مرلی سے شکایت کی جس پر انہوں نے ہاسپٹل کے عملے کے ساتھ آئی سی یو وارڈ پہنچ کر اس کا جائزہ لیا اور سرینواس کے ارکان خاندان کو چوہوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔ ن