آئی پی ایس افسر پورن کمار کے پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع

   

چنڈی گڑھ، 15 اکتوبر (یو این آئی) ہریانہ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے سینئر افسر وائی۔ پورن کمار کی مشتبہ حالات میں ہوئی موت کے نویں دن چہارشنبہ کے روز پوسٹ مارٹم کا عمل شروع ہوا۔ آنجہانی افسر کی اہلیہ اور انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر امنیت پی۔ کمار نے آج صبح پوسٹ مارٹم کیلئے رضامندی دی۔ وہ بھی اس دوران چنڈی گڑھ پی جی آئی میں موجود ہیں۔ میڈیکل بورڈ کی ٹیم پوسٹ مارٹم کارروائی مکمل کر رہی ہے ۔ یہ کارروائی مجسٹریٹ اور فارنسک بیلسٹک ماہر کی موجودگی میں کی جا رہی ہے ۔ پوسٹ مارٹم کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کرائی جا رہی ہے ۔ اندازہ ہے کہ آج شام تک کمار کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں گی۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے آئی پی ایس کمار کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہریانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل اور روہتک کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو گرفتار نہیں کیا جاتا، تب تک نہ پوسٹ مارٹم ہوگا اور نہ ہی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ اس مطالبے کو لے کر اہل خانہ اور ان کے حامی مسلسل ڈٹے ہوئے تھے ، جس کے باعث معاملہ سیاسی طور پر بھی نہایت حساس ہو گیا تھا۔ہریانہ حکومت نے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو چھٹی پر بھیج دیا ہے ، جبکہ روہتک کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو پہلے ہی ہٹا دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، پوسٹ مارٹم کے دوران اہل خانہ کے چند افراد اور سینئر افسران موجود رہیں گے ۔ رپورٹ تیار ہونے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ آئی پی ایس کمار نے سات اکتوبر کو خودکشی کر لی تھی۔ ان کے پاس سے برآمد ہونے والے خودکشی نوٹ میں تقریباً 14 پولیس افسران کے نام درج تھے ۔ اس واقعے کے بعد پورے ہریانہ پولیس محکمے میں ہلچل مچ گئی تھی اور ریاست کی سیاست میں بھی ہنگامہ برپا کر دیا ہے ۔