آبادیوں میں کھلے مقامات کو غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک بنانے کے اقدامات

   

کے ٹی آر کی موجودگی میں معاہدہ پر دستخط، اربن لیاب فاؤنڈیشن کی مساعی

حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر کی آبادیوں اور سلم علاقوں میں خالی اراضیات کو کچرے دان کے طور پر استعمال کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل کرنے کے رجحان کو ختم کرنے کیلئے وزارت شہری ترقی نے منصوبہ بندی کی ہے۔ بلدی نظم و نسق نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ محکمہ ریوینیو کے اشتراک سے خالی اراضیات کی نشاندہی کا کام شروع کیا ہے تاکہ انہیں عوامی اغراض کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ لائبریریز کے قیام، کھیل کود کی سہولت اور سماجی سرگرمیوں کیلئے ان خالی اراضیات کا استعمال ہوگا۔ حیدرآباد اربن لیاب فاؤنڈیشن نے کھلے مقامات کی ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے جہاں بنیادی انفرااسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اننت مارنگگنتی کی زیر قیادت حیدرآباد اربن لیاب فانڈیشن نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کو تفصیلی پریزنٹیشن دیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور زونل کمشنرس موجود تھے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے حیدرآباد اربن لیاب فاؤنڈیشن کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ تنظیم مقامی افراد، غیر سرکاری تنظیموں، آرکٹیکچر شعبہ سے وابستہ طلبہ کے علاوہ کالجس اور این جی اوز کے اشتراک سے کام کرے گی۔ سلم اور دیگر علاقوں میں کھلے مقامات کو غیر مجاز سرگرمیوں سے پاک بنایا جائے گا۔ شہریوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے اطراف و اکناف کھلے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے بلدی حکام سے نمائندگی کریں تاکہ انہیں غیر قانونی سرگرمیوں سے نجات دلاکر سماجی سرگرمیوں کے مراکز میں تبدیل کیا جاسکے۔ر