سنگاریڈی، کاماریڈی، نظام آباد اور میدک اضلاع میں سربراہی آب کے انتظامات کا جائزہ
l چیف سکریٹری کا دورہ، سنگور پراجکٹ کا معائنہ
l اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس اور مختلف ہدایات
سنگاریڈی 15 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری سنجے جاجو ضلع سنگا ریڈی پہنچنے پر کلکٹر پرتیک جین نے ان کا استقبال کیا۔ اُنھوں نے سنگور پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ال نینو کے ممکنہ اثرات، موسمی تبدیلیوں اور بارش کی کمی کے پیش نظر پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں دستیاب آبی وسائل کا محتاط اور منصوبہ بند استعمال ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے محکمہ زراعت، برقی اور آبپاشی کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں اور کسانوں کو بروقت ضروری رہنمائی فراہم کریں چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ضلع سنگاریڈی کا دورہ کرتے ہوئے ال نینو کے اثرات کے تناظر میں پانی کی دستیابی، زرعی صورتحال اور مختلف اضلاع میں پینے کے پانی کی سربراہی کے انتظامات کا زمینی سطح پر جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سنگور آبی ذخیرے کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود پانی کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں پلکل منڈل کے پیڈاریڈی پیٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ٹرانسکو کے سی ایم ڈی جتیش وی پاٹل، ضلع کلکٹر پرتیک جین، ضلع ایس پی پریتوش پنکج، نارائن کھیڑ کے رکن اسمبلی سنجیو ریڈی کے علاوہ محکمہ آبپاشی، آر ڈبلیو ایس، برقی، زراعت، باغبانی، مویشی پروری اور دیہی ترقی سمیت مختلف محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔چار اضلاع میں پینے کے پانی کی سربراہی کے متبادل انتظامات سے متعلق اجلاس میں سنگاریڈی، کاماریڈی، نظام آباد اور میدک اضلاع میں پینے کے پانی کی سربراہی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دینے کے لیے متبادل منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موجودہ آبی ذخائر، زیرزمین پانی کی سطح اور آئندہ دنوں میں پانی کی ممکنہ ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین نے چیف سکریٹری کو ضلع سنگاریڈی میں سنگور آبی ذخیرے کی موجودہ صورتحال، پینے کے پانی کی دستیابی، بارش کی مقدار، فصلوں کی کاشت اور پانی کی سربراہی کے لیے تیار کیے گئے متبادل منصوبوں کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ سنجے جاجو نے کہا کہ سنگور اور منجیرہ آبی ذخائر میں موجود پانی کی مقدار اور زیرزمین پانی کی سطح کو سامنے رکھتے ہوئے دستیاب پانی کا مؤثر استعمال کیا جائے۔ انہوں نے وی بی جی رام جی اسکیم کے تحت پانی کے تحفظ، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور پانی ذخیرہ کرنے کے تالابوں کی تعمیر جیسے کاموں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔جائزہ اجلاس کے بعد چیف سکریٹری سنجے جاجو نے چوٹکور موضع کا دورہ کیا اور وہاں کی زمین پر کاشتکاری کرنے والے کسان گولا مہیش کے 7 ایکڑ اراضی پر پھیلے کپاس کے کھیت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی چیتنیا ریڈی، نارائن کھیڑ کی سب کلکٹر اوما ہارتی اور آبپاشی، آر ڈبلیو ایس، زراعت، باغبانی، مویشی پروری، دیہی ترقی اور برقی سمیت مختلف محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔