آرٹیکل356 کا غلط استعمال کانگریس کی تاریخ

   

’ون نیشن ون الیکشن‘ بِل لانے پر مجبور ہونا پڑا: جے پی نڈا
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں ایوان کے رہنما بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے منگل کو کہا کہ کانگریس کی پچھلی حکومتوں کی جانب سے دستور کے آرٹیکل 356 کے بار بار غلط استعمال کی تاریخ کے پیش نظرحکومت کو ون نیشن ون الیکشن بل لانے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔ہندوستان کے آئین کے 75 سال کے شاندار سفر پر راجیہ سبھا میں مباحث کے دوسرے دن بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے نڈا نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ آئین کی روح کو بدلنے اور اسے دوبارہ لکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اپوزیشن کی بڑی جماعت سے مطالبہ کیا کہ وہ اگلے سال 25 جون کو ایمرجنسی کے 50 سال مکمل ہونے پر کفارہ کے طور پر منعقد ہونے والے ’Constitution Murder Day‘ایونٹ میں شامل ہو جائے، جسے ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ میں ایک تاریک باب کے طور پر درج کیا گیا ہے۔نڈا نے کہاکہ آج آپ ’ ایک ملک، ایک الیکشن‘کے خلاف کھڑے ہیں۔ یہ آپ کی وجہ سے ہے کہ ایک ملک، ایک الیکشن لانا ہوگاکیونکہ 1952 سے 1967 تک ملک میں بیک وقت انتخابات ہوئے۔