سبسیڈی کی رقم واپسی کے بعد بینک اکاؤنٹ میں کریڈٹ کی جائے گی : وزیر این محمد فاروق
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش سے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج گناوارم ایرپورٹ، وجئے واڑہ سے روانہ ہوا۔ اس طرح ریاست آندھراپردیش سے حج 2026ء کیلئے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وزراء کے رویندرا اور این محمد فاروق نے گنٹور کے رکن اسمبلی نصیراحمد، اے پی وقف بورڈ چیرمین عبدالعزیز، اے پی ایم ایف سی چیرمین مولانا مشتاق احمد، اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی ایگزیکیٹیو آفیسر شیخ غوث پیر اور دیگر اقلیتی قائدین کے ہمراہ عازمین حج کو ایرپورٹ لے جانے والی بسوں کو جھنڈی دکھائی۔ عازمین حج کی روانگی سے قبل خصوصی دعا کی گئی جس میں تمام معززین اور عازمین حج نے حصہ لیا۔ قبل ازیں عازمین حج کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں قائدین نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی نگرانی میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے وجئے واڑہ ایمبارکیشن پوائنٹ سے سفر کرنے والوں کیلئے فراہم کی گئی سہولتوں پر روشنی ڈالی۔ ریاستی وزیر این محمد فاروق نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بالخصوص پرنسپل سکریٹری کی رہنمائی میں تمام انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے یہ تیقن بھی دیا کہ حج سبسیڈی کی رقم عازمین حج کے بینک اکاؤنٹس میں ان کی واپسی کے بعد راست طور پر کریڈٹ کی جائے گی۔ عہدیداروں نے کہا کہ حج 2026ء کیلئے آندھراپردیش سے عازمین حج کی جملہ تعداد 2,023 ہے ان میں 337 عازمین نے ایمبارکیشن پوائنٹ کے طور پر وجئے واڑہ کا انتخاب کیا ہے اور انہیں حج سبسیڈی حاصل ہوگی۔ عازمین کو ایرپورٹ لے جانے کیلئے چار ایرکنڈیشنڈ بسوں کا انتظام کیا گیا۔ اس پہلے مرحلہ میں 160 عازمین حج روانہ ہوئے۔ ایس بی آئی فارن ایکسچینج انچارج ذاکر حسین نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کیلئے 72 ہزار سعودی ریال کی رقم کا ہندوستانی کرنسی میں تبادلہ کیا گیا۔ عازمین حج نے ان انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا۔ اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے تمام عازمین حج کو سوٹ کیسیس فراہم کئے گئے جبکہ گنٹور کے ایم ایل اے نصیراحمد نے ان کے شخصی فنڈس سے عازمین میں چھتریاں تقسیم کئے۔A/H/M