حیدرآباد۔13۔ مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے سابق وزیر نارائنا کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے چتور کی مقامی عدالتمیں نے درخواست دائر کی گئی۔ آندھراپردیش پولیس نے دسویں جماعت کے امتحانی پرچہ کے افشاء معاملہ میں نارائنا کو حیدرآباد سے گرفتار کرتے ہوئے چتور کی عدالت میں پیش کیا تھا۔ مقامی عدالت نے انہیں ضمانت منظور کردی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ مجسٹریٹ کے روبرو رات دیر گھے دیڑھ بجے سے صبح 4 بجے تک ضمانت کے مسئلہ پر وکلاء نے دلائل پیش کئے۔ نارائنا کے وکیل نے بتایا کہ 2014 ء میں ان کے موکل تعلیمی اداروں کے صدرنشین کے عہدہ سے استعفیٰ دے چکے ہیں ، لہذا ان کا نارائنا تعلیمی اداروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عدالت نے انہیں ضمانت منظور کردی ۔ پولیس نے پرچہ سوالات کے افشاء معاملہ میں ثبوت کا دعویٰ کرتے ہوئے ضمانت کی منسوخی کیلئے درخواست دائر کی ۔ پولیس کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سدھاکر ریڈی نے دلائل پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ کے افشاء میں نارائنا ملوث ہیں ، لہذا ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ عدالت نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے نارائنا کو نوٹس جاری کی ہیں۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 24 مئی کو ہوگی۔ر