آندھراپردیش ہائی کورٹ کے دو ایڈیشنل ججس کی حلف برداری

   

چیف جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر نے حلف دلایا
حیدرآباد ۔24۔جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ کے دو ایڈیشنل ججس کو آج حلف دلایا گیا ۔ چیف جسٹس آندھراپردیش ہائی کورٹ جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر نے آندھراپردیش ہائی کورٹ میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ججس کے طور پر جسٹس اے ہری ہرناتھ شرما اور جسٹس ڈاکٹر ایم لکشمن راؤ کو عہدہ کا حلف دلایا۔ سپریم کورٹ کالجیم نے آندھراپردیش کیلئے دو اور تلنگانہ ہائی کورٹ کے لئے چار ایڈیشنل ججس کے ناموں کی سفارش کی تھی جسے صدر جمہوریہ نے منظوری دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ دو ایڈیشنل ججس کی حلف برداری کے بعد آندھراپردیش ہائی کورٹ میں ججس کی تعداد 30 ہوچکی ہے۔ آندھراپردیش ہائی کورٹ کے فرسٹ کورٹ ہال میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں ججس کے علاوہ ایڈوکیٹ جنرل ڈی سرینواس، آندھراپردیش بار کونسل کے صدر دوارکا ناتھ ریڈی اور ہائی کورٹ ایڈوکیٹس اسوسی ایشن کے صدر کے چدمبرم ، ڈپٹی سالیسٹر جنرل پی پنا راؤ ، ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل ڈاکٹر وائی لکشمن راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چار نئے ایڈیشنل ججس کی حلف برداری کل 25 جنوری کو مقرر ہے۔1