حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے آٹو ڈرائیورس کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ ریاست بھر میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں سفر کی مفت سہولت فراہم کرنے کے بعد آٹو ڈرائیورس، اولا، اوبر اور دیگر ڈرائیورس مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اس کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ بی آر ایس کی مزدور یونین محاذی تنظیم کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ اس کمیٹی کے قائدین روپ سنگھ، رام بابو یادو، ماریا ریاست بھر کے آٹو ڈرائیورس یونین کے نمائندوں سے مذاکرات کریں گے۔ مسائل پر مبنی رپورٹ تیار کرتے ہوئے اس کی یکسوئی کیلئے تجاویز بھی پیش کریں گے۔ آٹو ڈرائیورس کے علاوہ ریاست میں موجود اولا، اوبر اور دیگر ٹیکسی ڈرائیورس سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ کمیٹی کی رپورٹ سے جو بھی تجاویز اور سفارشات وصول ہوں گے اس کی یکسوئی کیلئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ ساتھ ہی مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت پر دباؤ بھی بنایا جائے گا۔ن