ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک نشست پر آئندہ ماہ چناؤ
حیدرآباد ۔10۔جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے تلنگانہ میں ایم ایل سی کی تین نشستوں کے انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم اضلاع پر مشتمل ایم ایل سی ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے ورنگل سے تعلق رکھنے والے پی سروتم ریڈی کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ کریم نگر ، نظام آباد ، عادل آباد اور میدک اضلاع پر مشتمل ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے پدا پلی سے تعلق رکھنے والے ایم کمریا امیدوار ہوں گے۔ کریم نگر ، نظام آباد ، عادل آباد اور میدک گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے بی جے پی نے سنگا ریڈی کے سی انجی ریڈی کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹیچرس زمرہ کی دو اور گریجویٹ زمرہ کی ایک نشست کیلئے توقع ہے کہ فروری میں انتخابات ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن جاریہ ماہ انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔ واضح رہے کہ تینوں ایم ایل سی نشستوں کے اضلاع میں بی جے پی کا موقف مستحکم ہے۔ لوک سبھا میں بی جے پی کے 8 اور اسمبلی میں بھی تلنگانہ سے 8 ارکان ہیں۔ پارٹی کو یقین ہے کہ ایم ایل سی چناؤ میں اس کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوگی۔ ریاستی صدر اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے پارٹی کے عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایم ایل سی کی تین نشستوں پر پارٹی کی کامیابی کے امکانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔1