ابو ظہبی میں نیٹ-یو جی امتحان کا مرکزراہول گاندھی کی حکومت پر تنقید

   

نئی دہلی۔ 20 جون (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے نیٹ-یو جی دوبارہ امتحان 2026 کے لیے ناگپور کے ایک امیدوار کو ابو ظہبی میں امتحان کا مرکز الاٹ کیے جانے پر مرکزی حکومت اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے ) کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ہیں۔مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ امتحان کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور حکومت اور این ٹی اے طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایک طالب علم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ناگپور کا ایک طالب علم پچھلے ایک ماہ سے نیٹ ری-ایگزام کی تیاری کر رہا تھا۔ امتحان سے ایک دن پہلے جب اس نے اپنا ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کیا تو اس کے امتحان کا مرکز ابو ظہبی الاٹ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم کے پاس نہ پاسپورٹ ہے ، نہ بیرون ملک جانے کے لیے معاشی وسائل اور نہ ہی اتنا وقت بچا کہ وہ امتحان دے سکے ۔ اس وجہ سے وہ پوری رات ذہنی دباؤ میں رہا اور امتحان دینے سے بھی انکار کر دیا۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ اگر کوئی نظام کسی طالب علم کو اس کے اپنے شہر میں امتحانی مرکز فراہم نہیں کر سکتا اور بیرون ملک کا مرکز الاٹ کر دیتا ہے ، تو اسے امتحان منعقد کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ این ٹی اے ملک کے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کے صبر کا امتحان لے رہی ہے ۔