لکھنو۔27؍ستمبر( ایجنسیز ) اتر پردیش میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے جاری شدید بارش اور خراب موسمی حالات نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شدید بارش، آندھی اور طوفان کے باعث ریاست میں اب تک 56 افراد کی موت، 46 افراد کے زخمی ہونے اور 107 مویشیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ 1021 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں راحت اور بچاؤ کے کام تیز کر دیے گئے ہیں۔ریاست کے راحت کمشنر نے اتوار کو متاثرہ اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں اور ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹوں سے رابطہ کرکے راحت و بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کا فوری اور حساسیت کے ساتھ ازالہ کیا جائے اور راحت رسانی کے کام میں کسی بھی سطح پر لاپروائی نہ برتی جائے۔راحت کمشنر نے ضلع مجسٹریٹوں کو متاثرہ خاندانوں سے براہ راست رابطہ کرنے اور ذاتی طور پر ملاقات کرکے ان کی ضروریات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو فوری مدد فراہم کی جائے اور راحت و بچاؤ کے کاموں کیلئے وقت مقرر کرکے کارروائی یقینی بنائی جائے۔محکمہ راحت کے مطابق 25 سے 27 ستمبر کی صبح تک ریاست میں 66.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اس مدت میں معمول کی بارش صرف 7.6 ملی میٹر ہوتی ہے۔ اس طرح ریاست میں بارش معمول سے 775 فیصد زیادہ رہی۔ اتر پردیش کے 75 اضلاع میں سے 56 اضلاع میں انتہائی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔جانی نقصان کے لحاظ سے سیتاپور سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہے جہاں سات افراد کی موت ہوئی ہے۔ لکھیم پور کھیری، بہرائچ اور بلرام پور میں پانچ پانچ، جبکہ ایودھیا اور گورکھپور میں چار چار افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ تباہ شدہ مکانات کے مالکان کیلئے ضرورت کے مطابق متبادل رہائش کا انتظام کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔راحت و بچاؤ ٹیمیں پانی بھرے علاقوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ پانی بھرے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں اور تیز بہاؤ والی ندیوں اور نالوں سے دور رہیں۔ ہنگامی مدد کے لیے راحت کمشنر دفتر کی ہیلپ لائن 1070 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔