اتراکھنڈ :ایس آئی آر کے بعد ووٹر لسٹ کی اشاعت

   

دہرادون، 3 اکتوبر (یواین آئی) الیکشن کمیشن کی ہدایت پر اتراکھنڈ میں ووٹر فہرست کی ایس آئی آر مہم ہفتہ کو مکمل کر دی گئی۔ ریاست میں 8 جون سے ایس آئی آر مہم شروع کی گئی تھی، جس کے بعد 14 جولائی کو ووٹر فہرست کا مسودہ شائع کیا گیا۔ دعوؤں اور اعتراضات کے ازالے کے بعد آج ووٹر فہرست کی حتمی اشاعت کر دی گئی، جس میں جملہ 71 لاکھ 58 ہزار 949 ووٹر شامل ہیں۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر بی بی آر سی پرشوتم نے بتایا کہ ریاست میں جب ایس آئی آر شروع ہوا تھا جملہ 79 لاکھ 60 ہزار 762 ووٹر درج تھے ۔ گنتی فارم کی تقسیم اور وصولی کے بعد 14 جولائی کو ووٹر فہرست کا مسودہ شائع کیا گیا، جس میں 71 لاکھ 33 ہزار 785 ووٹر شامل تھے ۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن سے مقررہ تاریخ کے مطابق 14 جولائی سے 13 اگست تک ووٹروں کو دعوے اور اعتراضات درج کرانے کا وقت دیا گیا تھا۔ 13 اگست سے 28 ستمبر تک دعوؤں اور اعتراضات کے ازالے کا عمل مکمل کیا گیا، جس کے بعد آج ووٹر فہرست کی حتمی اشاعت کی گئی ۔ اس فہرست میں 71 لاکھ 58 ہزار 949 ووٹر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریاست میں کل 12,543 پولنگ مراکز ہیں۔ ڈاکٹر پرشوتم نے بتایا کہ حتمی ووٹر فہرست میں شامل 71,58,949 ووٹروں میں 34,21,036 خواتین، 37,37,701 مرد اور 212 تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 18 سے 19 سال کی عمر کے 72,656 اور 80 سال سے زیادہ عمر کے 1,22,892 ووٹر شامل ہیں۔