اخراجات سے مجبور شخص نے بیوی کی لاش کندھوں پر اٹھالی

   

چامراج نگر: کرناٹک کے چامراج نگر ضلع میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی لاش کو تھیلے میں کندھے پر لے جانے کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے کیونکہ وہ نقل و حمل کا خرچ برداشت نہیں کر پا رہا تھا۔ متوفی کی شناخت 26 سالہ کلمما کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق کلمما اور اس کے شوہر روی پندرہ دن قبل یلندور شہر آئے تھے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کی عمارت کے قریب پلاسٹک کے سامان جمع کرکے اپنا گزارہ کیا۔ تاہم کلمما بیمار ہوگئی اور منگل کی رات اس کی موت ہوگئی۔روی کے پاس پیسے نہ ہونے کی وجہ سے اس نے لاش کو تھیلے میں ڈالا اور اسے اپنے کندھے پر اٹھا کر قصبے کے قریب سوورناوتی ندی کے پاس دفن کر دیا۔ تاہم پولیس کو شک ہونے پر اسے روکا اور واقعہ کے بارے میں معلوم کیا۔پولیس نے اس کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے اور کلمما کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ دریں اثنا اس واقعے کے حوالے سے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں اور شوہر کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔