میامی،8 جولائی (یواین آئی ) فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف میچ میں متنازعہ فیصلوں کے بعد مصری کھلاڑی اورکوچ ریفریز پر شدید برہم ہو گئے ۔ ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی فتح کے بعد مصری کھلاڑی، سوشل میڈیا صارفین اور ٹیم کے کوچ نے متنازع فیصلوں پر ریفریزکو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ ارجنٹینا کے خلاف میچ کے دوسرے ہاف میں مصر کا ایک گول وی اے آرکے ذریعہ مسترد کردیا گیا۔ ریفری نے تقریباً 100 گز دور ہونے والے ایک مبینہ فاؤل کی بنیاد پرگول منسوخ کیا، جس پر مصری ٹیم نے سخت اعتراض کیا۔ میچ کے آخری لمحات میں مصرکے اسٹار فٹبالر اور کپتان محمد صلاح اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کا ایک موقع پر آمنا سامنا ہوا تاہم اس دوران ارجنٹینا کے کھلاڑی نے محمد صلاح کو پھنسا کرگرادیا، ارجنٹینا کے کھلاڑی کے اس عمل پر ریفری کی جانب سے فاؤل نہیں دیا گیا، ریفری کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک اور موقع پر بھی مصر اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کا آمنا سامنا ہوا تاہم یہاں بھی ارجنٹینا کے کھلاڑی مصری کھلاڑی کوگرا کر آگے چل دیے ۔ ریفری کی جانب سے ارجنٹینا کھلاڑیوں کے اس عمل پر فاؤل اور مصرکو پنالٹی شوٹ نہ دینے پر صارفین پھٹ پڑے ۔ مصری ٹیم کے ہیڈکوچ حسام حسن نے میچ کے دوران ریفری کے بعض فیصلوں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا جس کے بعد ریفری نے انہیں وارننگ دیتے ہوئے یلوکارڈ جاری کیا۔ بعد ازاں ارجنٹینا نے دوسرے ہاف میں3 گول کرکے مصر کو 2-3 سے شکست دے کرکوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کے بعد مصر کے کھلاڑی مصطفیٰ زیکو نے ریفریزکو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ارجنٹینا کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک ہو، ٹورنمنٹ پہلے ہی فکسڈ تھا، انہیں اس کے لیے مزیدکسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔ مصری کھلاڑی نے مزید کہا کہ ریفری بے ایمان تھا، ریفری نے انصاف نہیں کیا۔اس وقت اس مقابلے کے متنازعہ ہونے کی خبریں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہیں۔