قازان ( روس ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے برکس سربراہی اجلاس کے دوران روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی ہے۔برکس سربراہی اجلاس تاتارستان کے دارالحکومت قازان میں جاری ہے۔ اجلاس کے دائرہ کار میں صدر اردغان نے قازان ایکسپو میں صدر پوتن کے ساتھ ملاقات کی جوتقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔صدر اردغان نے ملاقات کے میڈیا کے لیے کھلے حصے میں برکس سربراہی اجلاس کی توسیعی سربراہی نشست میں مدعو کئے جانے اور اجلاس کی میزبانی پرپوتن کا شکریہ ادا کیا اور ان سے دوبارہ ملاقات پر اظہارِ مسرت کیا ہے۔اردغان نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی بروز جمعہ3+3 علاقائی تعاون پلیٹ فارم کے سلسلے میں استنبول میں موجودگی کی طرف اشارہ کیا اور کہا ہے کہ “اب میں آپ جیسے قابلِ قدر دوست کو بھی جلد از جلد ترکیہ میں دیکھنے کا خواہش مند ہوں”۔انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بینک ادائیگیوں میں مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک میکانزم کی تیاری کی خاطر ہماری وزارت ہائے خزانہ و مالیات اور مرکزی بینک رابطے میں ہیں۔ تجارتی وزارتوں کے درمیان بھی ایک بین الاداراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔