اردو صحافت میں تحقیق کے لیے طلبہ کو نئی سہولتیں
حیدرآباد۔6۔ مئی (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماسک کمیونکیشن نئی دہلی کے درمیان اردو صحافت میں تحقیق کیلئے باہمی اشتراک کا معاہدہ ہوا ہے۔ صحافتی تعلیم کے باوقار ادارہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماسک کمیونکیشن سے یادداشت مفاہمت کے ذریعہ صحافت میں تحصیل علم ، تعلیمی وسائل اور تحقیقی سرگرمیوں میں اشتراک ہوگا۔ پروفیسر سید عین الحسن وائس چانسلر اور پروفیسر سنجے دیویدی ڈائرکٹر جنرل انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماسک کمیونکیشن نے آج نئی دہلی میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ صحافت کے کورسس کو ایک دوسرے سے اشتراک کے ذریعہ تیار کیا جائے گا ۔ پی ایچ ڈی کے مشترکہ وینچر ہوسکتا ہے۔ ایک طالب علم دو اساتذہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے بہترین تحقیق سر انجام دے سکتا ہے۔ پروفیسر سنجے دیویدی نے کہا کہ مانو سے ان کے ادارہ کا اشتراک قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو جرنلزم میں ڈپلوما کرنے والے طلبہ مانو میں اپنا پی جی کورس مکمل کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار مانو اور دیگر اداروں کے ذمہ دار موجود تھے۔ معاہدہ کے تحت علمی اور تحقیقی پروگراموں میں دونوں جانب سے قابل اساتذہ کی نشاندہی کرتے ہوئے مدعو کیا جائے گا۔ طلبہ کو انٹرنشپ کی سہولت حاصل رہے گی۔ر