اردوکونسل کا6تا14جنوری ممبئی میںاردو کتاب میلہ

   

نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے اردو کے فروغ کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جاتی ہیں، جن میں سے ایک اہم اسکیم اردو کتاب میلہ بھی ہے۔ کونسل ہر سال دس روزہ کتاب میلے کا انعقاد کرتی ہے، جس میں ملک کے مشہور و معروف اردو پبلشرز اپنی عمدہ علمی و ادبی کتابوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ اس کے لیے ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص اردو آبادی پر مشتمل شہروں کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاکہ وہاں کے لوگوں میں اردو زبان اور اردو کتابوں کے تئیں نئے سرے سے شوق و رغبت اور دلچسپی پیدا کی جائے۔ اس مرتبہ کونسل نے ممبئی کے معروف تعلیمی و ثقافتی ادارے انجمن اسلام کے اشتراک سے باندرہ کرلا کمپلیکس، ممبئی میں اس میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کتاب میلہ 6جنوری سے 14 جنوری2024 کے دوران منعقد کیا جائے گا۔ کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسردھننجے سنگھ نے اس میلے کے تئیں غیر معمولی جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹرا میں اردو کے شائقین اور اس زبان سے محبت کرنے والے کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں،ہزاروں اردو میڈیم اسکول اور کالجز برسرِ کار ہیں اور طلبا میں بھی اردو سیکھنے کا غیر معمولی شوق پایا جاتا ہے۔