آئندہ ماہ میگا ڈی ایس سی کی تیاریاں
حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ماہ فروری کے دوران میگا ڈی ایس سی امتحانات کے انعقاد کی تیاریاں کی جا رہی ہیں! ریاستی حکومت کے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادو ں پر تقررات کے سلسلہ میں جلد ہی میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے ان امتحانات کے انعقاد کے لئے یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کے سلسلہ میں جاری تیاریوں کے متعلق ریاستی وزیر مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے گذشتہ دنوں ضلع نلگنڈہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں طویل مدت سے اساتذہ کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور جائیدادوں پر تقررات کے لئے امتحانات بھی منعقد نہیں کئے جاسکے تھے۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے کئے گئے اعلان کے بعد کہا جا رہاہے کہ آئندہ ماہ کے آخری ہفتہ تک ریاست میں میگا ڈی ایس سی امتحانات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ کابینی اجلاس میں فیصلہ کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے انتخابات سے قبل کئے گئے وعدہ کے مطابق ڈی ایس سی کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور اس ڈی ایس سی امتحان کے انعقاد سے ریاست میں زائد از 2لاکھ اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوگی۔3