اسرائیل 18 فروری تک لبنان سے فوجی انخلاء مکمل کر لے گا

   

واشنگٹن: سابق امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ کی ثالثی میں لبنان و اسرائیل کے درمیان 26 نومبر کو ہونے والی جنگ بندی کے تحت اسرائیل کو 60 دنوں کے اندر لبنان سے اپنی فوج نکالنا تھی۔ اسرائیلی فوج کے لبنان سے انخلاء کے بعد اس کی جگہ لبنان کی مسلح افواج نے لینا تھی۔ جبکہ حزب اللہ کو دریائے لیطانی کے شمال میں اسرائیلی سرحد سے 20 میل تک پیچھے جانا تھا۔تاہم 26 جنوری کو جب جنگ بندی معاہدے کے مطابق 60 دن مکمل ہو رہے تھے تو امریکی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ جنگ بندی میں توسیع ضروری ہے۔ اسی لیے اسرائیلی فوج کے لبنان سے انخلاء کیلئے 18 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی۔گزشتہ ہفتے امریکی نائب خصوصی صدارتی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ امن مورگن اورٹاگس نے جنوبی لبنان کا دورہ کیا اور اس امر کی تصدیق کی کہ امریکہ 18 فروری کی تاریخ کیلئے پرعزم ہے کہ اسرائیلی فوج کا انخلاء مکمل ہو جائے گا۔تاہم پیر کے روز اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اسرائیلی فوج کے لبنان سے انخلاء میں مزید توسیع چاہتی ہے۔وائٹ ہاؤس کے ایک ذریعے نے ‘العربیہ’ کو بتایا ہے کہ اسرائیل نے فوجی انخلاء کیلئے باضابطہ طور پر توسیع کی درخواست نہیں کی ہے۔