اسرائیل سے دنیا کی صرف اپیلیں

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے غزّہ کے شمالی حصّے کا محاصرہ کر کے شہری حیات کے لئے جگہ تنگ کرنے پراسرائیل کو بین الاقوامی انسانی قانون کی عائد کردہ ذمہ داریاں پوری کرنے کی یاد دہانی کروائی ہے۔انتونیو گوٹیرس نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے شمالی حصے پر اسرائیلی “محاصرے” کے باعث شہریوں کوشدید مصائب کا سامنا ہے۔ شہریوں کو روزمرّہ زندگی کے لیے دستیاب جگہ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔گوٹیرس نے شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد تک رسائی کی شرط یاد دِلائی اور کہا ہے کہ “بین الاقوامی انسانی قانون اس کا تقاضا کرتا ہے”۔انتونیو گوٹیرس نے ایک اور پیغام میں بڑھتے ہوئے جبر وتشدد اور رسل و رسائل پر عائد پابندیوں کی وجہ سے غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں پولیو مہم کی معطلی پربھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ “مزید بچوں میں پولیو کے پھیلاو سے پہلے اس وبا کو روکنا ضروری ہے”۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج 19 دنوں سے غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ، بیت لاہیا اور بیت حنون کے علاقوں پر شدید زمینی اور فضائی حملے کر رہی ہے۔ زیرِ محاصرہ علاقے میں اسرائیلی فوج ہر متحرک چیز کو نشانہ بنا رہی ہے اور علاقے میں آمد و رفت کو بھی روکے ہوئے ہے۔