تہران : ایران نے اسرائیل کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ فرانس میں کل 33 ویں سمر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب سے قبل ریلوے نیٹ ورک کو سبوتاڑ کرنے کے پیچھے تہران کا ہاتھ تھا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کے پیرس میں تخریب کاری کے ذمہ دار ملک کے الزامات کا جواب دیا۔اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کنعانی نے کہا، “2024 کے پیرس اولمپکس کے حوالے سے ایران کے خلاف بچوں کو قتل کرنے والی اسرائیلی حکومت کے وزیر کے الزامات اور نفرت انگیز تقریر لاچارگی کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ غزہ میں ہونے والی نسل کشی سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی ایک فضول کوشش ہے۔ “یہ بتاتے ہوئے کہ ایران بھی پیرس 2024 کے سمر اولمپک گیمز میں درجنوں کھلاڑیوں کے ساتھ شرکت کر رہا ہے، کنعانی نے کہا، ” پچھلے 10 مہینوں میں زاروں بے گناہ فلسطینیوں، مردوں، عورتوں اور بچوں کو قتل کر کے ظلم کی انتہا کرنے والی حکومت کی طرف سے لگائے گئے الزامات، ناقابل یقین حد تک مضحکہ خیز ہیں۔”انہوں نے دنیا کی عظیم ترین کھیلوں کی سرگرمی کی میزبانی کرنے والے فرانس کی کامیابی کی تمنا کا بھی اظہار کیا۔