سنگاریڈی میں جلسہ سیرت رسولؐ برائے خواتین، محترمہ نسیم شفیق، محترمہ عالیہ فاطمہ و دیگر کا خطاب
سنگاریڈی 10 ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعتِ اسلامی ہند، شہر سنگاریڈی مغرب شعبہ خواتین کے زیرِ اہتمام ایم ایم کلاسک گارڈن، سنگاریڈی میں خواتین کے لیے ایک عظیم الشان جلسہ سیرتِ رسول ؐ منعقد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اجتماع کا بنیادی مقصد خواتین کو سیرتِ طیبہ ؐسے روشناس کرانا، اس کے روشن اُسوۂ حسنہ کو سمجھنے اور اسے اپنی عملی زندگی میں اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا۔جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں جماعتِ اسلامی ہند، شہر سنگاریڈی مغرب، شعبہ خواتین کی مقامی ناظمہ محترمہ عالیہ فاطمہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ انہوں نے سیرتِ رسول اکرم ؐ کے مطالعے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نبی کریم ؐ کی مبارک زندگی ہر مسلمان کے لیے بہترین عملی نمونہ ہے، جس سے رہنمائی حاصل کرکے زندگی کو ایمان، تقویٰ اور حسنِ کردار سے مزین کیا جاسکتا ہے۔اس کے بعد ضلعی ناظمہ محترمہ فردوس فاطمہ نے ’’نبی ؐ کے امتی کا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے ایک مسلمان کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داریوں، دینی شعور، اخلاقِ حسنہ اور معاشرے کی اصلاح میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا۔بعد ازاں محترمہ نسیم شفیق ، ناظمہ ڈویژن احمد نگر نے ’’سیرتِ رسول ؐ میں خواتین کے حقوق‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ؐ کی روشنی میں خواتین کے حقوق، مقام و مرتبہ اور ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، وقار اور معاشرے میں ایک باوقار مقام عطا کیا ہے اور سیرتِ نبوی ؐ خواتین کے لیے زندگی کے ہر مرحلے میں بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔اس موقع پر جماعتِ اسلامی ہند، شہر سنگاریڈی مشرق کی مقامی ناظمہ محترمہ رضیہ مسرور نے بھی خطاب کیا اور خواتین کو دینی و اخلاقی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا۔جلسے میں جامعہ الہدیٰ للبنات کی طالبات نے مختلف موضوعات پر تقاریر پیش کیں۔ طالبات کی جانب سے جدید اور عصری تعلیم کی اہمیت کے موضوع پر پیش کیا گیا مؤثر مکالمہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ اسی موقع پر عالمیت کی فارغاتِ جامعہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور خمار پوشی بھی کی گئی۔جلسہ کی نظامت اور اظہارِ تشکر ناظمہ پرویز، رکنِ جماعت، سنگاریڈی مغرب نے انجام دیا۔اجتماع کے دوران خواتین کے لیے سیرتِ رسول ؐ سے متعلق منعقد کیے گئے مختلف مقابلہ جات اور کوئز مقابلوں کے کامیاب امیدواروں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔