اسمبلی اجلاس میں صرف 30 منٹ کی کارروائیبی آر ایس ارکان کو اظہار خیال کا موقع نہیں

   

حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی بجٹ سیشن کا آج چوتھا دن محض 30 منٹ کی کارروائی پر محیط رہا کیونکہ حکومت نے ارکان اسمبلی اور کونسل کیلئے میڈی گڈہ بیاریج کے معائنہ کا پروگرام رکھا تھا۔ چیف منسٹرریونت ریڈی، ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی و کونسل کی روانگی کا نظم اسمبلی سے خصوصی بسوں کے ذریعہ کیا گیا تھا لہذا روانگی سے قبل مختصر اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن بی آر ایس ارکان نے مختصر اجلاس طلب کرنے پر سوال اٹھایا۔ بی آر ایس ارکان کو نلگنڈہ میں جلسہ عام کیلئے جانا تھا جبکہ کانگریس ارکان کو میڈی گڈہ بیاریج کا معائنہ کرنا تھا۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا نے عبوری بجٹ کی منظوری کی تحریک پیش کی جس کے بعد وزیر امور مقننہ سریدھر بابو اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کالیشورم پراجکٹ اور میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا۔ بی آر ایس رکن ہریش راؤ نے مداخلت کی کوشش کی لیکن اسپیکر جی پرساد کمار نے اظہار خیال کی اجازت نہیں دی۔ بی آر ایس ارکان کے احتجاج کے دوران اسپیکر نے اجلاس کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا۔1