حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : میڈیکل ہیلت سرویس ریکروٹمنٹ بورڈ نے 30 دسمبر سے آئندہ ماہ 6 جنوری تک اسٹاف نرسیس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے سرٹیفیکٹس ویریفکیشن کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حیدرآباد کے بنڈلہ گوڑہ میں واقع اکسائز اکیڈیمی کے احاطے میں اسنادات کی جانچ کی جائے گی ۔ بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرویژنل لسٹ جاری کردی گئی ہے اور امیدواروں کو اس کی اطلاع بھی دے دی گئی ہے ۔ امیدوار سرٹیفیکٹ ویریفکیشن کو حاضر نہ ہونے اور ضروری دستاویزات داخل نہ کرنے کی صورت میں ان کی امیدواری برخاست کردی جائے گی ۔ ریاست بھر میں 5,204 اسٹاف نرسیس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے حکومت نے گذشتہ سال 30 دسمبر کو نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا ۔ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کی ہدایت پر مزید 1890 جائیدادوں کو حکومت نے اس میں جوڑ دیا ہے جس سے جملہ جائیدادوں کی تعداد بڑھ کر 7094 ہوگئی ہے ۔ جاریہ ماہ 18 دسمبر کو نتائج جاری کردئیے گئے تھے ۔۔ 2