اسپائس جیٹ طیارہ میں خرابی‘ وارانسی میں ایمرجنسی لینڈنگ

   

نئی دہلی: اسپائس جیٹ کے طیارے میں خرابی کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے ۔ اسپائس جیٹ کی دہلی سے پٹنہ جانے والی پرواز کے بریک فیل ہونے کے بعد وارانسی میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔بتایا جا رہا ہے کہ دہلی سے اڑنے والی اسپائس جیٹ کی فلائٹ (ایس جی 8721) پٹنہ میں اترنے والی تھی لیکن ٹیک آف کے کچھ دیر بعد ہی ہوا میں ہی فلائٹ کے بریک میں کچھ گڑبڑ ہو گئی۔ جیسے ہی فلائٹ میں گڑبڑی سامنے آئی، فلائٹ کا رخ موڑ کر یوپی کے وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 3 گھنٹے کے بعد فلائٹ نے دورباہ پٹنہ کیلئے ٹیک آف کیا۔پرواز میں تقریباً 140 مسافر سوار تھے۔ بریک میں گڑبڑی کی اطلاع ملتے ہی تمام مسافر خوفزدہ ہو گئے۔ اس موقع پر مسافروں اور حکام نے نوک جھونک بھی ہوئی۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ اسپائس جیٹ کی پروازوں میں ہمیشہ کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہوتی ہے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ انہیں 6 گھنٹے میں دو گھنٹے کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ عہدیداروں کے ساتھ بحث کے درمیان موقع پر موجود سی آئی ایس ایف اہلکاروں نے مداخلت کی اور مسافروں کو سمجھا بجھا کر پرسکون کیا۔