اعظم پورہ میں کپڑوں کی ہول سیل دوکان میں خاتون کا قتل

   

دوکان میں گھس کر چاقو سے حملہ ۔ سابقہ ملازم حملہ میں ملوث رہنے کا شبہ ۔ علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز ) پرانے شہر کے اعظم پورہ علاقہ میں ایک خاتون کو چاقو سے حملہ کرکے بے رحمی سے قتل کردیا گیا۔ یہ واردات چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ایک ہول سیل کپڑوں کی دکان میں پیش آئی، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق مہلوک خاتون کی شناخت 34 سالہ طاہرہ بانو کی حیثیت سے کی گئی ہے جو چنچل گوڑہ کی ساکن تھی۔ وہ اعظم پورہ کے قریب واقع منہا ہول سیل کپڑوں کی دکان میں ملازمت کرتی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی رات ایک شخص نے جس کی شناخت ابراہیم کی حیثیت سے کی گئی دکان میں داخل ہوکر طاہرہ بانو پر چاقو سے حملہ کردیا۔ شدید حملہ کے نتیجہ میں خاتون کی موت واقع ہوگئی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چادر گھاٹ پولیس مقام واردات پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ خاتون کے قتل کی اطلاع ملنے پر ان کے افراد خاندان جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ طاہرہ بانو کی موت سے افراد خاندان شدید صدمہ کا شکار ہوگئے۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے مردہ خانے منتقل کردیا۔ مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ قتل کی اِس واردات میں ابراہیم نامی شخص ملوث ہے جو اِسی کپڑوں کی دوکان میں ملازمت کرتا تھا اور ایک ماہ قبل اُس نے ملازمت ترک کردی تھی جبکہ ذرائع نے بتایا کہ ابراہیم دوبارہ کام پر آنا چاہتا تھا۔ (ب؍V)