افتخار کی کوشش رائیگاں، نیوزی لینڈ 4 رنز سے کامیاب

   

لاہور ۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی تاہم 5 میچز کی سیریز میں پاکستان کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔ لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوور میں 163 رنز بناکر پاکستان کو164 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی ٹیم 159 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد جارحانہ اننگزکھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بناکر نمایاں رہے لیکن وہ ٹیم کو کامیاب نہیں دلواسکے، فہیم اشرف 27، فخر زمان نے 17 اور شاداب خان نے 16 رنز بنائے۔پاکستانی ٹیم کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے، جارحانہ بیٹر افتخار احمد چھکا اور چوکا لگا کر ٹیم جیت کے قریب لے آئے لیکن چوتھی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بیٹنگ پر آنے والے حارث رؤف بھی میچ کی آخری گیند پر کیچ دے بیٹھے اور پاکستان ٹیم 159 پر ڈھیر ہوگئی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، بیٹر چیڈ بوزکو7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ویل ینگ 17 رنز بنا سکے۔ ڈیرل مچل 33 بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جبکہ کپتان ٹام لیتھم ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ کپتان ٹام لیتھ کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔