بغاوت کی ہوائیں چل اٹھیں شاید گلستاں میں
یہ پیمانے الٹ ساقی یہ جامِ جم اٹھا ساقی
ملک میں افراط زر کی شرح اپنے عروج پر پہونچ چکی ہے اور اس نے دو سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ جو تازہ سرکاری اعداد و شمار جاری کئے گئے ہیں ان میں پتہ چلا ہے کہ افراط زر کی شرح ماہ اکٹوبر میں 6.09 فیصد درج کی گئی ہے ۔ ریزرو بینک کی جانب سے اعلی ترین برداشت کی حد کو 6 فیصد تک رکھا گیا تھا تاہم یہ شرح اس حد کو بھی پار کر گئی ہے اور اس کے نتیجہ میں ملک کے عوام کو مہنگائی کی جو مار سہنی پڑ رہی ہے وہ اب برداشت سے باہر ہونے لگی ہے ۔ عوام کیلئے اشیائے ضروریہ کا حصول انتہائی مشکل امر ہوگیا ہے ۔ لوگ محض دو وقت کی روٹی حاصل کرنے کیلئے بھی جدوجہد کرنے پر مجبور کردئے گئے ہیں۔ انہیں ضرورت زندگی کی ہر شئے کیلئے اضافی قیمتیں چکانی پڑ رہی ہیں اور ان کا گھریلو بجٹ اس وجہ سے پوری طرح سے درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ کسی کو دو وقت کی روٹی دستیاب نہیں ہو رہی ہے اور اگر کسی طرح سے دو وقت کی روٹی مل بھی جائے تو پھر ادویات کا حصول مشکل ہونے لگا ہے ۔ اگر چھوٹے بچے ہیں تو انہیں دودھ کی فراہمی بھی مشکل سے مشکل تر ہوتی چلی جا رہی ہے ۔ ماہ ستمبر میں ریٹیل افراط زر کی شرح جو 5.54 فیصد ہوگئی تھی وہ اب بڑھ کر 6.09 فیصد ہوگئی ہے ۔ اس طرح مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ خاص طور پر غذائی افراط زر کی شرح تو 8.94 فیصد تک پہونچ چکی ہے جو گذشتہ مہینے میں 7.74 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار میں یہ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ یہ صورتحال ایسا نہیں ہے کہ صرف کسی ایک ریاست میں ہو بلکہ یہ صورتحال سارے ملک میں پائی جاتی ہے اور ملک بھر کے عوام کو اس کی مار سہنی پڑ رہی ہے اور حکومت اس جانب توجہ دیتی ہوئی نظر نہیں آتی ۔ حکومت اپنے ہی ایجنڈہ کو آگے بڑھانے میں مصروف دکھائی دے رہی ہے ۔ حکومت عوام میں پائی جانے والی بی چینی اور ان کی مشکلات کا احساس کرنے میں ناکام ہے اور اگر وہ اب بھی صرف اپنے کارپوریٹ حاشیہ برداروں کے مفادات کی فکر کرنے ہی میں لگی ہوئی ہے ۔
ہندوستان ایک کثیر آبادی والا ملک ہے ۔ ہندوستان بجائے خود ایک منڈی اور مارکٹ کی حیثیت رکھتا ہے ۔ تقریبا دیڑھ سو کروڑ کی آبادی والے اس ملک کو عالمی سطح پر ایک منڈی ہی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ یہاں اشیائے ضروریہ کی کھپت بہت زیادہ ہوتی ہے اور اس کے نتیجہ میں کسانوں کی معیشت مستحکم ہوتی ہے ۔ کسانوں کی پیداوار ملک کے عوام ہی میں استعمال ہوتی ہے اور جو فاضل پیداوار ہوتی ہے اسے بیرون ملک منتقل کیا جاتا ہے ۔ اس کے باوجود ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ تشویش کی بات کہی جاسکتی ہے ۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ کوئی آج یا کل پیدا ہوا مسئلہ ہے بلکہ یہ ایک طویل وقت سے چل رہا مسئلہ ہے اور عوام پر مسلسل معاشی بوجھ عائد ہو رہا ہے ۔ جہاں ملک کو ایک بڑی منڈی قرار دیا جاتا ہے وہیںحکومت کا دعوی ہے کہ ہندوستان ایک تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت بھی ہے۔ اگر واقعی ہندوستان ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے تو پھر اس کے ثمرات
عوام تک کیوں نہیں پہونچ پا رہے ہیں۔ عوام پر ہر شئے کیلئے اضافی بوجھ عائد کیا جا رہا ہے ۔ پٹرول ہو کہ ڈیزل ہو ‘ چاول ہو کہ دالیں ہوں ‘ آٹا ہو کہ تیل ہو ‘ ادویات ہوں کہ دودھ ہو ہر شئے مہنگی ہونے لگی ہے اور ملک کے عوام مسلسل غریب ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ معیشت اگر واقعی تیزی سے پیشرفت کر رہی ہے تو پھر ملک کے 80 کروڑ افراد اب بھی خط غربت سے نچلی زندگی گذارنے پر کیوں مجبور ہو رہے ہیں ؟ ۔
اب افراط زر کی شرح میں اضافہ کے جو اعدادو شمار سامنے آئے ہیں وہ تشویش کا باعث ہیں ۔ اس کے نتیجہ میں یہ صورتحال واضح ہوگئی ہے کہ عوام مسلسل مہنگائی کا شکار ہونے لگے ہیں اور ان کے گھریلو بجٹ پوری طرح سے درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔ یہ صورتحال ملک کیلئے اور ملک کے عوام کیلئے تشویش کی بات ہی ہے اور حکومت کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ عوام میں مہنگائی کی وجہ سے بے چینی پیدا ہونے لگی ہے اور اس پر قابو اپنے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔