اقلیتی اقامتی اسکول آلیر میں ہراسانی کے معاملہ پر قومی اقلیتی کمیشن کی کارروائی

   

کارگذار صدرنشین کا چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب، تحقیقات اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن نے چیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار کو ہدایت دی ہے کہ اقلیتی اقامتی اسکول برائے گرلز آلیر میں طالبات کو جنسی ہراسانی معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے کمیشن کو رپورٹ روانہ کریں۔ کمیشن کی کارگذار صدرنشین سیدہ شہزادی بیگم نے آلیر کا دورہ کرتے ہوئے اسکول کی طالبات سے بات چیت کی تھی۔ طالبات میں سے ایک نے مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کی شکایت کرتے ہوئے کھلا مکتوب روانہ کیا ہے۔ قومی اقلیتی کمیشن کے سکریٹری سدھارتھ کشوردیو ورمن ( آئی اے ایس ) نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو طالبہ کا مکتوب بھی روانہ کیا اور اس سنگین معاملہ کی کلکٹر یا سپرنٹنڈنٹ پولیس سے جانچ کروانے کی ہدایت دی۔ کمیشن کو کارروائی رپورٹ سے آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ قومی اقلیتی کمیشن نے میڈیا میں اقامتی اسکول برائے طالبات میں جنسی ہراسانی کے معاملہ کو اُجاگر کیا تھا۔ شہزادی بیگم نے نہ صرف اسکول کا دورہ کیا بلکہ شکایت کنندہ طالبہ اور دیگر طالبات سے بات چیت کی تھی۔ کمیشن نے اس معاملہ کا سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے۔ شہزادی بیگم کے مطابق ایک طالبہ نے اسکول کے احاطہ میں بعض افراد کی جانب سے ہراسانی کی شکایت کی۔ شہزادی بیگم نے کہا کہ کمیشن ان الزامات کا جائزہ لے رہا ہے اور اسکول کے پرنسپل نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ سنگین معاملہ ہے اور ضرور کارروائی ہوگی اور اگر الزامات غلط ہیں تو اس صورت میں بھی اسکول کے وقار کے تحفظ کیلئے کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دو علحدہ تحقیقات متوازی طور پر جاری ہیں۔ اسی دوران آلیر پولیس نے اسکول کے ایک ورکر کے شوہر کے خلاف شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ر