نیویارک : اقوام متحدہ کی عبوری فورس برائے لبنان (یونیفل) کے ترجمان اینڈریا ٹنینٹی نے کہا کہ ان کی فورسز اسرائیل کے براہ راست اور قصداً کیے جانے والے حملوں کے باوجود اپنی پوزیشنز نہیں چھوڑیں گی۔یونیفل کے ترجمان نے کہا کہ جنوبی لبنان میں ناقورہ، البونہ اور رامیہ میں یونیفل کی پوزیشنز 8 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج کے براہ راست اور جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں کا نشانہ بن رہی ہیں۔اسرائیلی فائرنگ میں زخمی ہونے والے امن فوجیوں کا ذکر کرتے ہوئے ٹنینٹی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے میرکاوا ٹینک کی فائرنگ ناقورہ میں ہمارے ہیڈکوارٹر کے مشاہداتی ٹاور کو لگی جس میں 5 امن فوجی زخمی ہوئے۔ٹنینٹی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے رامیہ میں پھیلائے گئے دھوئیں کی ایک قسم سے 15 امن فوجی متاثر ہوئے۔یونیفل کے ترجمان ٹنینٹی نے تفصیلات دیے بغیر کہا کہ اقوام متحدہ کے ماہرین اور بین الاقوامی تنظیموں نے ثابت کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں بین الاقوامی طور پر ممنوعہ وائٹ فاسفورس بم استعمال کیا ہے۔تنینٹی نے کہا کہ یونیفل فورسز جنوبی لبنان میں درپیش بڑی مشکلات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔