الاسکا میں پائلٹ سمیت10 افراد کے ساتھ طیارہ لا پتہ

   

واشنگٹن: امریکہ کی ریاست الاسکا میں جمعرات کو دورانِ پرواز طیارہ لاپتا ہو گیا ہے جس میں پائلٹ سمیت 10 افراد سوار تھے۔ الاسکا کے محکمہ پبلک سیفٹی نے بتایا ہے کہ بیرنگ ایئر کا طیارہ جمعرات کی شام تقریباً چار بجے لاپتہ ہوا جو یونالکلیٹ سے نوم شہر جا رہا تھا۔حکام طیارے کے آخری بار ہونے والے رابطے کے مقام کو جانچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بیرنگ ایئر کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈیوڈ اولسن کے مطابق طیارہ نے 2:37 بجے یونالکلیٹ شہر سے اڑان بھری تھی اور آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بیرنگ ایئر کا عملہ تفصیلات جمع کرنے اور ہنگامی امداد کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارہ سمندر سے تقریباً 19 کلو میٹر دور پرواز کر رہا تھا۔واضح رہے کہ بیرنگ ایئر مغربی الاسکا کے 32 دیہات کو آپس میں ملانے کیلئے سرویسز فراہم کرتا ہے۔ بیشتر مقامات پر یومیہ دو پروازیں بھی چلائی جاتی ہیں۔
جرمنی: تقریباً 90% ووٹرز بیرونی مداخلت سے خوفزدہ
برلن: جرمنی میں ایک سروے سے پتہ چلا ہے کہ اٹھاسی فیصد سے زیادہ ووٹرز اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ 23 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں غیر ملکی افراد یا حکومتوں کی جانب سے مداخلت کا غالب امکان ہے۔برسلز میں قائم ڈیجیٹل انڈسٹری ایسوسی ایشن بٹ کام کی طرف سے شائع کردہ ایک نئے پول جائزے کے مطابق جرمن ووٹرز غیر ملکی انتخابی مداخلت کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہیں۔