وزیر داخلہ محمود علی کی مبارکباد، عازمین حج کی بہتر خدمات انجام دینے کا عہد، حج کوٹہ میں اضافہ کی مساعی
حیدرآباد۔9۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے الحاج محمد سلیم سابق ایم ایل سی کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ حکومت کی جانب سے نامزد کردہ ارکان کا اجلاس آج حج ہاؤز میں منعقد ہوا ۔ حکومت نے الیکشن آفیسر کے طور پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس کو نامزد کیا تھا۔ انہوں نے اجلاس کے آغاز پر صدرنشین کے انتخاب کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے صدرنشین کے عہدہ کیلئے جناب محمد سلیم کا نام پیش کیا جس کی تائید رکن کونسل فاروق حسین نے کی۔ صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں جو حج کمیٹی کے بااعتبار عہدہ رکن ہیں، انہوں نے بھی تائید کی۔ دیگر ارکان کی متفقہ رائے سے صدرنشین کے عہدہ پر الحاج محمد سلیم کا انتخاب عمل میں آیا۔ انتخاب کے فوری بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حج ہاؤز پہنچ کر محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وقف بورڈ کے صدرنشین کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے حجاج کرام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت دراصل اللہ کے مہمانوں کی خدمت ہے اور یہ ایک عظیم اعزاز ہے۔ انہوں نے متفقہ انتخاب پر صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ محمود علی نے کہا کہ عازمین حج کی خدمات کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں نمبر ون رہا ہے۔ کئی ریاستوں کے عہدیداروں نے تلنگانہ حج کمیٹی کی خدمات کی ستائش کی ہے۔ محمد سلیم کی قیادت میں حج کمیٹی حج 2022 ء کیلئے نمایاں خدمات انجام دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ صدرنشین کی حیثیت سے محمد سلیم نے انتہائی دیانتداری کے ساتھ کام کیا اور ایک پیسہ کا بھی الٹ پھیر نہیں رہا۔ ان کے دور میں ایک بھی اوقافی جائیداد کو ناجائز طریقہ سے کسی کے حوالے نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ حج کمیٹی میں 6 اضلاع کو نمائندگی دی گئی ہے اور عنقریب تمام اضلاع میں حج کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی۔ انہوں نے حج کمیٹی کے صدرنشین اور ارکان کو مشورہ دیا کہ حاجیوں کی خدمت میں سرگرم ہوجائیں۔ نو منتخب صدرنشین محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کے سی آر حقیقی سیکولر قائد ہیں۔ اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ مظالم کا سلسلہ جاری ہے لیکن تلنگانہ میں تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد سلیم نے بتایا کہ کورونا وباء کے پیش نظر سعودی حکومت نے دنیا بھر سے عازمین حج کی تعداد میں کمی کردی ہے۔ ہر سال ہندوستان سے ایک لاکھ 25 ہزار عازمین روانہ ہوتے تھے لیکن اس مرتبہ یہ تعداد 80 ہزار ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کیلئے اضافی کوٹہ حاصل کرنے چیف منسٹر کے سی آر کے ذریعہ وزیراعظم و مرکزی وزیر کو مکتوب روانہ کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہمراہ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2022 ء کیمپ میں عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمات انجام دی جائیں گی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں شریک ارکان میں شیخ مقبول ، عاصمہ سلطانہ ، شیخ حمید ، سید نظام الدین ، سید عرفان الحق ، میر نادر علی رضوی ، نوید اقبال ، نصیرالدین ، جعفر خاں اور سید غلام احمد حسین شامل ہیں۔ حج کمیٹی کے اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ر