السلام علیکم کہنے والے مراٹھی صحافی ڈی کے رائیکر چل بسے

   

ممبئی: اقلیت دوست صحافی و مراٹھی روزنامہ لوک مت کے کنسلٹنٹ ایڈیٹر، ، ڈی کے رائیکر کا جمعہ کی علی الصبح مختصر علالت کے بعد دیہانت ہوگیا۔ 80 سالہ رائیکر کے پسماندگان میں اہلیہ پشپا، دختر شیفالی اور فرزند آشیش شامل ہیں۔ لوک مت ممبئی کے ایڈیٹر اتل کلکرنی نے بتایا کہ رائیکر کو دس دنوں قبل ڈینگو اور مشتبہ کوویڈ 19 انفیکشن کے علاج کے لئے شہر کے ناناوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور آج صبح . تقریبا 3 بجے انہوں نے آخری سانس لی۔ آج سے تقریبا 50 برسوں قبل نوجوان رائکر نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس سے کیا جہاں انہوں نے پہلی نوکری بطور ٹیلی پرنٹر آپریٹر کی پھر وہ رپورٹر بن گئے۔ وہ ایک اقلیت دوست صحافی تھے بالخصوص جب کسی مسلمان سے ملاقات کر تے تو خود سلام کی پہل کرتے ہوئے اسلام وعلیکم کہا کرتے تھے ۔مسلم نوجوانوں کو بھی انگریزی اور مراٹھی صحافت میں آنے کے لئے انکی رہنمائی کیا کرتے تھے ۔ پریس کلب میں مسلم صحافیوں بالخصوص اردو صحافیوں کو ممبر شپ دلوانے میں وہ ہمیشہ متحرک رہتے تھے۔